Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

روسی صدر سے مصافحہ کرنے والے ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2020 07:47am
روسی صدر ولادی میر پیوٹن 24 مارچ کو ماسکو میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے قائم کردہ نئے اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر ڈینس پروتسینکو سے مصافحہ کررہے ہیں۔ فائل فوٹو

ماسکو: کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے قائم کردہ نئے اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر ڈینس پروتسینکو خود اس مہلک مرض کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

انہوں نے ایک ہفتہ قبل روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے مصافحہ کیا تھا۔ تب صدر پیوٹن نے ماسکو میں قائم کردہ کومونرکا اسپتال کا دورہ کیا تھا۔

کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈاکٹر پروتسینکو نے اسپتال میں واقع اپنے دفتر میں خود کو الگ تھلگ کرلیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بہتری محسوس کررہے ہیں۔

تاہم کریملن نے ابھی تک ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ صدر پیوٹن نے بھی کورونا وائرس کا اپنا کوئی ٹیسٹ کرایا ہے۔

انہوں نے ڈاکٹر پروتسینکو سے 24 مارچ کو ملاقات کے وقت عام لباس زیب تن کر رکھا تھا اور پیشگی حفاظتی تدابیر کو نظرانداز کیا تھا، جس پر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

البتہ انہوں نے اس ملاقات کے بعد اسپتال میں مریضوں کے کمروں میں جاتے وقت زرد رنگ کا حفاظتی سوٹ زیب تن کر رکھا تھا۔

منگل کے روز روس نے کورونا وائرس کے 500 نئے کیسوں کی تصدیق کی تھی۔ روس میں اس مہلک وَبا کے پھیلنے کے بعد ایک دن میں متاثرین کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے اور اب تک ملک میں کل متاثرہ افراد کی تعداد 2337 ہوچکی ہے۔